Tayyab Mumtaz

”را“ کا نشہ آور ادویات سے دہشت گردی کا منصوبہ

حکومت پنجاب کی ڈرگ ٹاسک فورس نے پیر کے روز علامہ اقبال ٹاو¿ن کے کریم بلاک میں پولیس کی مدد سے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے کی ایفی ڈرین میتھا سون اور نشہ آور دوا میں تبدیل کرنے والی لیبارٹری پکڑ لی ہے۔ اس عمارت سے بھارتی کمپنی کے نشہ آور انجکشن مارفیا کی ہزاروں کی تعداد میں پیکنگ بھی برآمد ہوئی ہے۔ انتہائی رازداری کے ساتھ مارے گئے چھاپے کے باوجود مرکزی ملزم ارشد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے موقع سے تین افراد کو گرفتار کر لیا مگر ملزم ارشد وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ارشد 5 سال ممبئی کی جیل میں رہا۔ تفیشی افسر کا کہنا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملزم ارشد کو ’را‘ اپنے ایجنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہو۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مجرموں کے پیچھے ہے اور ان کو جلد گرفتار کر لے گی۔ نشہ آور ادویات تیار کر کے ان کی فروخت اور لوگوں کو اس کی لت ڈالنا نہایت مکروہ عمل ہے۔ ڈرگ ٹاسک فورس نے چھاپہ مار کر جو لیبارٹری اور ادویات کا خام مال پکڑا ہے وہ قابل قدر عمل ہے۔ تفتیشی افسران نے اس میں ’را‘ کے ملوث ہونے کا جو امکان افشا کیا ہے وہ نہایت قابل غور معاملہ ہے۔ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کی جس طرح سرپرستی کر رہا ہے حکومت پاکستان اور پاکستان کے سکیورٹی ادارے بار بار اس کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ بھارت نے پاکستان میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان میں علیحدگی اور قوم پرست افراد کی مسلسل مدد کرنے کے شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے نے بھارت کو سخت بے چین کر رکھا ہے اس لئے بھارت اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لئے ’را‘ کو خصوصی ٹاسک دے چکا ہے۔ لاہور سے ڈرگ لیبارٹری کا پکڑا جانا نہایت اہم کامیابی ہے۔ پولیس اور ڈرگ ٹاسک فورس کو مرکزی ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کو فوراً گرفت میں لا کر تحقیق کرنی چاہئے کہ ’را‘ اس میں واقعی ہی ملوث ہے۔ اس معاملے میں ملزموں کو کسی سفارش یا دباو¿ پر ہرگز نہ چھوڑا جائے نہ کسی سفارش کو خاطر میں لایا جائے کیونکہ اصل جرم کے علاوہ ’را‘ کا کسی ایسے معاملے میں ملوث ہونا نہایت خطرناک ہے۔ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی اس پر نظر رکھنی چاہئے اور اس جرم میں یا ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کر کے گرفت میں لایا جائے تاکہ کسی پاکستانی کو اس قسم کے کاموں میں ملوث ہونے کی ہمت اور جرات نہ ہو۔حکومتی اداروں کو اس معاملے کی مکمل تحقیق و تفتیش کرنی چاہئے تاکہ اس معاملے کے تمام مسائل اور حقائق سامنے آ سکیں اور کیس کو کسی صورت سائیڈ لائن پر نہ جانے دیا جائے۔ تحقیق کے بعد تمام ملزمان کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے اور ان کو ان کے کئے کی سزا دلائی جائے۔ اس میں ’را‘ کا تعلق ثابت ہونے کی صورت میں پاکستان یہ معاملہ عالمی اور سفارتی سطح پر اٹھائے تاکہ بھارت کا اس حوالے سے گمراہ کن روپ عالمی سطح پر سامنے آ سکے۔ حکومت پنجاب کو اس حوالے سے بہترین افسروں کو یہ ٹاسک سونپا جائے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو سکے اور نشہ آور ادویات کے ذریعے بھارت کی اس دہشت گردی کا قلع قمع کیا جا سکے۔
بھارتی وزیرخارجہ کا حالیہ کہ پاکستان میں دہشتگردوں کو استعمال کریں گے واضح پیغام ہے ہماری حکومت اور سیکیورٹی اداروں کیلئے کہ ہم تمھارے کھلے دشمن ہیں اس لیے ہمیں چاہئے کہ ایسی گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنا نہیں ہے بلکہ ان اسباب کی طرف دیکھنا ہو گا کہ ایسے عوامل کون سے ہیں جس سے پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ مل رہا ہے اور ہم سب کو اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنا ہو گا ہر کسی کو اس کے حقوق دینا ہوں گے بلکہ ہر کسی کو اپنے فرائض کو بھی پہچاننا ہو گا تب ہی ہم ایسے عوامل سے نبردآزما ہو سکیں گے جس سے ہمارا پیارا ملک پاکستان امن کا گہوارہ بن سکے گا اور ہمارے بچے کھلے ذہن اور دل کیساتھ اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں گے۔
٭٭٭

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button