پوری قوم سیلاب متاثرین کی مدد کرے
پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو عید قربان سے قبل 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا گیا اور امدادی کارروائیوں کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ کمیٹی کے سربراہ شجاع خانزادہ نے بتایا کہ پاک فوج امدادی کارروائیوں میں پوری طرح شریک ہے۔ پاک فوج کے 16 ہیلی کاپٹر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ اب تک پنجاب کے 21 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جا چکا ہے۔ پنجاب میں سیلاب سے 2 ہزار 381گھر مکمل طور پر جبکہ 5 ہزار 988جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ سیلاب میں 149افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 135افراد بارشوں کے نتیجہ میں مختلف حادثات میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔ پنجاب سے بالائی علاقوں میں سیلابی پانی کا زور کم ہوا ہے تاہم ملتان اور جنوبی پنجاب میں پانی کا زور بڑھ رہا ہے۔حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ جن کے گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں ان کو ایک لاکھ روپے اور جزوی نقصان پہنچنے پر 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ سیلاب سے ہونے والی تباہی جس بڑے پیمانے پر ہوئی ہے اس سے نمٹنا صرف حکومت کے وسائل سے ممکن نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم سیلاب سے متاثرہ اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے آگے بڑھے تا کہ ان متاثرین کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ حکومت نے ہر گھرانے کو 20 ہزار روپے دینے کا جو اعلان کیا ہے اس پر فوری طور پر عمل کیا جائے اور اس سلسلے میں نادرا سے مل کر شفاف طریق کار اپنایا جائے تا کہ نہ تو کوئی رقم غیر مستحق افراد کو مل سکے اور نہ ہی کوئی مستحق خاندان اس سے محروم رہ سکے۔ حکومت کو اس ضمن میں تیز رفتاری سے کام کرنا ہو گا۔ اسی طرح نقد رقم کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں اشیاءخورو نوش وسیع پیمانے پر پہنچائی جائیں جو متاثرین میں تقسیم کی جائیں اسی طرح وبائی امراض اور بیماریوں سے بچانے کے لیے میڈیکل ٹیمیں اور ادویات بھی پہنچائی جائیں تا کہ وبائی امراض نہ پھوٹ پڑیں اور عوام ہلاکتوں سے محفوظ رہیں۔ غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) سیاسی و مذہبی جماعتوں اور رفاہی اداروں کو بھی حرکت میں آنا چاہیے۔ بڑے اداروں اور مخیر حضرات کے علاوہ عوام کو اس صورت حال میں متحرک ہونا چاہیے اور متاثرین کی امداد کے لیے مربوط کوششیں کریں تا کہ متاثرین اس وقت مشکل میں آسانی محسوس کر سکیں۔
میں یہاں امریکہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کروں گا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان میں مصیبت میں گھرے اپنے بھائیوں کی مدد کریں آپ کے عطیات کسی کی زندگی کی ضمانت اور خوشیوں کو واپس لا سکتے ہیں مجھے معلوم ہے کہ ہمارے حکمرانوں اور کرتا دھرتا افراد کے ماضی میں کیے گئے کارناموں سے کمیونٹی میں ایک منفی اثر پایہ جاتا ہے کہ ہماری بھجوائی امداد صحیح افراد تک نہیں پہنچتی لیکن اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہمیں نیکی کرنا چھوڑ دینا چاہئے نہیں نہیں ہمیں نیکی کو پھیلانے اور دکھی انسانوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے کہ ہماری بھجوائی گئی امداد سے کسی ایک کی بھی مددممکن ہو سکے تو ہماری دنیا کے ساتھ ساتھ عاقبت بھی سنور جائے گی اس لیے نیکی کرنے اور نیکی کو پھیلانے کا ذریعہ بنیں۔
”پاکستان نیوز“کے پلیٹ فارم سے کسی بھی قسم کی مدد حاصل کرنے کے لئے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔تا کہ دکھی انسانیت کی مدد کی جا سکے۔